نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر رہنما اور اتر پردیش کے سابق منسٹر اعظم خان کو 2007 کے نفرت انگیز تقریر کیس میں آواز کا نمونہ دینے کی ہدایت دینے والی ٹرائل کورٹ کے حکم پر عبوری روک لگا دی۔
جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس پرشانت کمار مشرا پر مشتمل بنچ نے اعظم خان کی عرضی پر اتر پردیش حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کیا۔ اعظم خان نے 2007 میں اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی کے خلاف مبینہ طور پر نفرت انگیز تقریر کرنے اور توہین آمیز زبان استعمال کرنے کے مقدمے میں آواز کا نمونے دینے کے لیے الہ آباد ہائی کورٹ کے ذریعہ ٹرائل کورٹ کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے حکم میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ میں اعظم خان کی نمائندگی سینئر وکیل کپل سبل نے کی۔