لکھنؤ: اتر پردیش کےوزیر اقلیتی بہبود، مسلم وقف اور حج دھرم پال سنگھ نے اودھان بھون میں واقع اپنے دفتر میں سفر حج -2024 کے انتظامات کے سلسلے میں ایک جائزہ میٹنگ کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ حج درخواستوں کے بارے میں تفصیلی رہنما ہدایات کو وسیع پیمانے پرتشہیر کی جائے، تاکہ حج درخواست گزاروں کو درخواست دینے میں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ سفر حج 2024 کی تمام تیاریاں ابھی سے شروع کر دی جائیں اور سفر حج کے تیاریوں میں کسی بھی سطح پر کسی قسم کی کوتاہی یاتساہلی نہ ہونے دی جائے۔
وزیر اقلیتی بہبود دھرم پال سنگھ نے ہدایت دی کہ حج درخواست دہندگان کی سہولت کے لیے ضلع سطح پر آن لائن درخواست کے لیے ضلع اقلیتی بہبود کے افسران کے ذریعے حج سہولت مرکز قائم کیا جائے۔ اس کے ساتھ حج سیشن کو اچھی طرح سے نافذ کرنے کے لیے اہلکاروں میں کام مختص کیا جائے۔ حج درخواستوں کی پروسیسنگ سے متعلق کام کو آسانی اور کامیابی کے ساتھ انجام دینے کے لیے متعلقہ ملازمین کے درمیان ضلع وار تقسیم بھی کی جائے۔ حج سیشن 2024 کے لیے آن لائن درخواستیں حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی کی ویب سائٹ پر پُر کی جا سکتی ہیں۔