Haj 2023 پہلی قسط اور پاسپورٹ جمع نہ کرنے والے عازمین کی سیٹیں منسوخ کرنے کی تجویز
اترپردیش ریاستی حج کمیٹی کے سکریٹری ایکزیکٹو افسر ایس پی تیواری نے کہا کہ جن عازمین نے اپنی پہلی قسط اور اصل پاسپورٹ تاحال جمع نہیں کیا ہے ان کی سیٹیں منسوخ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
لکھنؤ:اترپردیش ریاستی حج کمیٹی کے سکریٹری ایکزیکٹو افسر ایس پی تیواری نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے مطلع کیا ہے کہ اترپردیش ریاستی حج کمیٹی سے کل منتخب عازمین حج 26786 میں سے تقریباً 1365 ایسے عازمین ہیں جنہوں نے اپنی پہلی قسط 81000/- روپے اور اصل پاسپورٹ ابھی تک اترپردیش ریاستی حج کمیٹی میں جمع نہیں کیے ہیں۔ ایسے عازمین حج کی سیٹیں منسوخ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ دوسری جانب حج کمیٹی آف انڈیا نے سرکولر جاری کر عازمین حج دوسری قسط جمع کرنے کی تاریخ میں توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں: Haj 20223 حج اخراجات کی دوسری قسط کا اعلان
جاری سرکولر کے مطابق ایک عازمین حج کو 1 لاکھ 70 ہزار حج کمیٹی آف انڈیا ممبئی کے اکاونٹ میں جمع کرنے کی 24 اپریل سے توسیع کرکے 28 اپریل تک کردی گئی ہے جو عازمین حج ابھی تک دوسری قسط جمع نہیں کرسکے ہیں وہ متعین تاریخ میں جمع کرسکیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پہلی قسط کو جمع کرنے کی تاریخ میں بھی توسیع کی گئی تھی۔ سرور ڈاؤن ہونے کی وجہ سے عازمین حج کو پہلی قسط جمع کرنے میں پریشانیاں آرہی تھی جس پر سماجی کارکنان نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر کے مسائل کے حل کا مطالبہ کیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی میں 31 مارچ کو قرعہ اندازی کے بعد دیر رات سفر حج کے لیے منتخب عازمین کی ریاست وائز فہرستوں کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے منتخب عازمین حج کمیٹی کی ہدایات کے مطابق میڈیکل سرٹیفکیٹ اور قسطوں کی ادائیگی سمیت دیگر لوازمات مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔