پریاگ راج: وارانسی کی گیانواپی مسجد سے متعلق پانچ درخواستوں پر الہ آباد ہائی کورٹ کا آج فیصلہ آنا تھا۔ لیکن فیصلہ آنے سے پہلے ہی سماعت کرنے والے جج جسٹس پرکاش پاڈیا کا الہ آباد ہائی کورٹ سے تبادلہ ہوگیا۔ جس کی وجہ سے اب اس کیس سے متعلق تمام درخواستوں کو چیف جسٹس کو منتقل کر دیا گیا ہے اور چیف جسٹس پریتنکر دیواکر نے خود اس معاملے کی سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب اس کیس کی آئندہ سماعت 13 ستمبر کو ہوگی۔
فیصلہ سنانے سے پہلے جج کا تبادلہ:دراصل 32 سال قبل 1991 میں وارانسی کی ضلعی عدالت میں کیس کو برقرار رکھنے کے لیے درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ مقدمہ میں کئے گئے دعوے کے مطابق گیانواپی مسجد کی جگہ پر مندر تھا اور مغل بادشاہ اورنگزیب نے مندر کو منہدم کرکے مسجد تعمیر کروائی تھی۔ درخواست میں اس جگہ کو ہندوؤں کے حوالے کرنے اور پوجا کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔