وارانسی: گیانواپی مسجد-شرینگر گوری کیس میں ہندو فریق کے ایک مدعی نے منگل کو ضلع عدالت میں ایک نئی عرضی داخل کی ہے جس میں 'وضو خانہ' کا محکمہ آثار قدیمہ کے ذریعہ سروے کروانے کا مطالبہ کیا گیا۔ عرضی میں وضو خانہ میں موجود فوارہ کے سروے کا ذکر نہیں کیا گیا جس کو ہندو فریق شیولنگ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔ جبکہ مسلم فریق فوارہ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔
وشو ویدک سناتن سنگھ تنظیم کے سکریٹری سورج سنگھ نے کہا کہ درخواست کو قبول کرتے ہوئے عدالت نے معاملے کی سماعت کے لیے 8 ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ محکمہ آثار قدیمہ (اے ایس آئی) ضلعی عدالت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے وضو خانہ کے علاقے کے علاوہ، گیانواپی مسجد میں سائنسی سروے کا کام کر رہا ہے۔ اور اس سروے کا کام لگاتار جاری ہے۔
وضو خانہ کے علاقے کو اس وقت سیل کر دیا گیا تھا جب سپریم کورٹ نے وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ کو اس علاقے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک عبوری حکم جاری کیا جہاں سول جج کی عدالت کے حکم پر ایک ویڈیو سروے کے دوران ڈھانچہ 'شیولنگ' ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ 64 صفحات پر مشتمل تازہ عرضی ضلع جج اے کے وشویش کی عدالت میں وشو ویدک سناتن سنگھ تنظیم کی بانی رکن اور گیانواپی۔ شرینگر گوری مقدمے کے اہم درخواست گزاروں میں سے ایک راکھی سنگھ نے دائر کی ہے۔