وارانسی: گیانواپی مسجد معاملے میں آج مختلف درخواستوں پر سماعت ہوگی۔ مسجد کے پورے احاطے کا سروے کر رہی اے ایس آئی نے عرضی دے کر سروے کی مدت میں توسیع کی درخواست کی ہے۔ اے ایس آئی کی عرضی پر آج وارانسی کے خصوصی ڈسٹرکٹ جج ڈاکٹر اجے کرشنا کی عدالت میں سماعت ہوگی۔ یہ درخواست اے ایس آئی ٹیم نے دو ستمبر کو عدالت میں داخل کی تھی اور آٹھ ہفتوں کا وقت مانگا گیا تھا۔ اب دیکھنا ہوگا کہ عدالت اس کیس میں تاریخ میں توسیع کرتی ہے یا نہیں۔ اسی کے ساتھ ایک مدعی راکھی سنگھ کی جانب سے کمیشن کاروائی کے دوران جولائی 2022 میں وضو خانے میں ملے ڈھانچے جانچ بھی اے ایس آئی سروے ٹیم سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ عدالت اکھلیش یادو اور اسد الدین اویسی کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر بھی سماعت کرے گی۔
21 جولائی کے حکم کے بعد، 4 اگست کو اے ایس آئی سروے شروع ہوئے ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ سروے ابھی جاری ہے لیکن سروے کی آخری تاریخ 2 ستمبر کو ہی ختم ہوئی ہے۔ عدالت کے حکم کے مطابق سروے 4 ہفتوں میں مکمل کر کے رپورٹ جمع کرائی جانی تھی لیکن سروے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے اے ایس آئی ٹیم نے 2 ستمبر کو عدالت میں درخواست دے کر 8 ہفتوں کا اضافی وقت مانگا ہے۔ اس سلسلے میں آج ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں سماعت ہوگی اور اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ تاریخ میں توسیع کی جائے گی یا نہیں۔