اترپردیش کے ضلع رامپور میں واقع گورنمنٹ خورشید انٹر کالج کی طالبات کو ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں غیر حاضر دکھائے جانے پر ان کے اہل خانہ میں سخت ناراضگی ہے۔
اترپردیش بورڈ کے نتائج آنے کے بعد جہاں اس مرتبہ بڑی تعداد میں طلبا بغیر امتحانات دیے کامیاب ہونے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں وہیں، دوسری جانب رامپور کے گورنمنٹ خورشید انٹر کالج کی طالبات اور ان کے سرپرست اپنی سخت ناراضگی اور غم و غصہ کا اظہار کر رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق گورنمنٹ خورشید انٹر کالج کی طالبات میں 447 اور ہائی اسکول میں 336 طالبات رجسٹرڈ تھیں۔ لیکن ان میں سے انٹر میں 22 اور ہائی اسکول میں 29 طالبات کو غیر حاضر دکھایا گیا ہے۔ طالبات کو بورڈ کے نتائج میں غیر حاضر دکھانے پر ان کے سرپرستوں نے گذشتہ دنوں متعلقہ کالج اور اسکولز میں زور دار ہنگامہ کیا۔