علی گڑھ:عالمی شہرت یافتہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سینٹر آف ایڈوانس اسٹڈی شعبہ تاریخ کے پانچ پروفیسرز کو انڈین ہسٹری کانگریس (آئی ایچ سی) میں مختلف عہدوں کے لیے منتخب کیا گیا ہے، حال ہی میں کاتیہ یونیورسٹی وارنگل تلنگانہ میں منعقدہ ہونے والی انڈین ہسٹری کانگریس کے 82 ویں اجلاس کے دوران پروفیسر سید علی ندیم رضاوی کو آئی ایچ سی کا دوبارہ سیکرٹری منتخب کیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ پروفیسر شرین موسوی کو نائب صدر، پروفیسر ایس جابر رضا کو خزن اور پروفیسر مانوندر کمار پنڈھیر کو جوائنٹ سیکرٹری منتخب کیا گیا ہے۔ جبکہ معروف مورخ اور اے ایم یو میں پروفیسر ایمریٹس پروفیسر عرفان حبیب کو انڈین ہسٹری کانگریس کے ایگزیکیٹو ممبر کے طور پر بلا مقابلہ منتخب کیا گیا ہے۔
انڈین ہسٹری کانگریس کے دوبارہ سیکریٹری منتخب ہونے والے پروفیسر سید علی ندیم رضاوی اور ایگزیکیٹو ممبر نامور مؤرخ پروفیسر ایمریٹس عرفان حبیب نے بتایا حکومت کی جانب سے انڈین ہسٹری کانگریس کے سالانہ اجلاس کو دیے جانے والے فنڈ کو بند کر دیا گیا ہے۔
کانفرنس کے دوران ری کنسٹرکٹنگ انڈین ایکنامک ہسٹری کے عنوان پر علی گڑھ ہسٹورین سوسائٹی (اے ایچ ایس) کے زیر اہتمام ایک پینل مذاکرہ ہوا جس میں پروفیسر ایمریٹس عرفان حبیب نے کلیدی خطبہ پیش کیا، اس میں پروفیسر کیسوان ویلوتھ، پروفیسر راجن گروکل، پروفیسر پربھات پٹنائک، پروفیسر راج شیکھر باسو سمیت درجن بھر مؤرخین نے اپنے مقالے پیش کیے۔
آئی ایچ سی کے تین روزہ سیشن میں قدیم، عہد وسطی، جدید ہند کے علاوہ دیگر ممالک، اثار قدیمہ اور معاصر ہندوستانی تاریخ کے زیلی عنوانات کے تحت 1070 تحقیقی مقالے پیش کیے گئے۔