لکھنؤ: بے موسم بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے ریاست کے متعدد اضلاع میں کسانوں کی فصلوں کو ہوئے نقصانات کے درمیان اترپردیش کے وزیرا علی یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو کہا کہ کسانوں کے مفاد کا تحفظ ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔حال ہی ریاست کے مختلف حصوں میں ہوئی بارش اور ژالہ باری کے بعد وزیر اعلی نے ایک اعلی سطحی میٹنگ میں حالات کا جائزہ لیا۔ریونیو ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ریاستی کی تازہ صورتحال پر پیش کی جانے والی پرزنٹیشن کا مشاہدہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے موسم بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے ریاست کی کئی علاقوں میں کسانوں کی فصلوں کو نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 24گھنٹوں میں 9اضلاع میں ژالہ باری کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔بحران کی اس گھڑی میں ریاستی حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کے اس مزاج میں آئندہ دو۔تین دنوں میں تبدیلی آجائے گی اور موسم معمول کے مطابق ہوگا۔اس کے لئے تمام ضروری انتطامات بہم پہنچائے جائیں۔کسانوں کو ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے بعد معاوضہ کی رقم کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔یوگی نے کہا کہ موسم کی اطلاعات وقت کے ساتھ کسانوں تک پہنچائی جائے۔انہوں نے کہا 'ماہرین موسمیات کی وارننگ کے بارے میں معلومات ٹی وی، اخبارات اور مقامی انتظامیہ کے ذریعے دور دراز کے دیہاتوں میں کسانوں تک پہنچائی جائیں۔ یہ پیشین گوئی 24 سے 48 گھنٹے کی ہونی چاہیے۔ جب لوگ محتاط رہیں گے تو نقصانات بھی کم ہوں گے'۔