نوئیڈا: ریاست اتر پردیش کے نوئیڈا میں پولیس نے کانگریس کے کئی رہنماؤں کو نظر بند کر دیا۔ دراصل پہلوانوں نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت تک پرامن مارچ نکالنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد نوئیڈا کانگریس مہا نگر کے صدر رام کمار نے ان کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ نوئیڈا پولیس پر الزام لگاتے ہوئے کانگریس نوئیڈا مہا نگر کے صدر رام کمار تنور نے بتایا کہ نوئیڈا پولیس نے زبردستی آمرانہ رویہ اپنایا اور میرے ساتھ پی سی سی ممبر رضوان چودھری، نائب صدر ہریندر شرما، سینیئر کانگریس لیڈر ایڈوکیٹ دنیش آوانہ، ضلع نائب صدر این ایس یو آئی کسان ایکتا سنگھ این سی آر کے صدر وریندر مکھیا، سابق جنرل سکریٹری نوئیڈا کانگریس نریندر بھاٹی، کے کے سی ضلع صدر گوتم بدھ نگر کے ساتھ سیکٹر 93 کے دفتر میں نظر بند کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہریش لوہیا، سبھاش داس، شیام بابو، انکت پاٹھک، نوال سنگھ چوہان اور دیگر کو ان کی رہائش گاہوں میں ہی نظر بند کر دیا گیا۔ بعض لیڈران کو نوئیڈا کے بشن پورہ میں کانگریس کے دفتر میں دن بھر نظر بند کر کے جمہوریت کا قتل کرنے کا کام کیا گیا ہے۔ رام کمار تنور نے کہا کہ اس طرح عام لوگوں کی آواز کو دبا کر بی جے پی حکومت اپنی ناکامیاں چھپا رہی ہے۔ بی جے پی حکومت اپنے رہنماؤں کو بچانا چاہتی ہے۔