گونڈہ: جنسی ہراسانی کے ملزم بی جے پی کے رکن پارلیمان برج بھوشن شرن سنگھ کی حمایت کرنے پر گونڈا کے ایک نوجوان کی بے رحمی سے پٹائی کی گئی جس کے سبب مبینہ طور پر اس کی موت ہوگئی۔ متاثرہ کے رشتہ داروں کا الزام ہے کہ بہار کے آرا ضلع میں ہریانہ کے باؤنسروں نے نوجوان کی بری طرح پٹائی کی۔ اس کے بعد اسے زبردستی ٹرین میں بٹھا دیا گیا۔ مانک پور اسٹیشن پہنچ کر ریلوے پروٹیکشن فورس نے نوجوان کو اسپتال میں داخل کرایا۔ یہاں علاج کے دوران نوجوان کی موت ہوگئی۔ معاملے میں اہل خانہ نے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیوراج پرجاپتی نے بتایا کہ گونڈا کے کٹرا بازار تھانہ علاقہ کے تحت مانک پور گاؤں کا رہنے والا بلونت سنگھ (35) بہار کے آرا ضلع میں کلہریا ٹول پلازہ پر گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا۔ لواحقین کا الزام ہے کہ ٹول پلازہ کا ٹھیکہ ہریانہ کی ایک کمپنی کے نام ہے۔ حال ہی میں بلونت نے بی جے پی ایم پی برج بھوشن شرن سنگھ کی حمایت کی تھی۔ بلونت نے اسے بے قصور کہا تھا۔ اس معاملے کو لے کر بلونت کی وہاں موجود اہلکاروں کے درمیان بحث ہوئی۔ اس کے بعد ہریانہ کے باؤنسرز، ٹول پلازہ کے اہلکاروں اور منیجر نے بلونت کی پٹائی کی۔ رشتہ داروں کا الزام ہے کہ مار پیٹ کے بعد ملزم نے بلونت کو گونڈا جانے والی ٹرین میں سوار ہونے پر مجبور کیا۔ مانک پور اسٹیشن پہنچنے پر ریلوے پروٹیکشن فورس نے نوجوانوں کو مانک پور سی ایچ سی بھیج دیا۔ یہاں سے اسے گونڈہ ضلع اسپتال ریفر کیا گیا۔ اس دوران نوجوان کی موت ہو گئی۔ لواحقین کو جب پولیس کے ذریعے اس کا علم ہوا تو افراتفری مچ گئی۔