ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں پولیس نے ایک لاپتہ نوجوان کے قتل کا سنسنی خیز انکشاف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایک لڑکی نے اپنے نئے عاشق کے ساتھ مل کر پرانے عاشق کا قتل کردیا۔
دراصل معاملہ مظفر نگر کے تھانہ بڈھانا کے گاؤں پاراسولی کا ہے، جہاں 9 ستمبر سے گاؤں کے ایک نوجوان سونو کشیپ کی گمشدگی کی شکایت نوجوان کے اہل خانہ نے تھانے میں درج کروائی تھی۔
پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی تھی۔ بدھ کی شام پولیس کو نگرانی ٹیم کے ذریعے لاپتہ نوجوان کے موبائل کال کی تفصیلات سے معلومات ملی کہ سونو گاؤں کی ہی ایک لڑکی سے محبت کرتا تھا۔
نو ستمبر کو نوجوان سونو اپنی گرل فرینڈ سے ملنے کے لیے گھر سے نکلا تھا لیکن واپس نہیں آیا۔ جب پولیس نے سونو کی گرل فرینڈ سمیت ایک نوجوان نیرج کو حراست میں لیا اور پوچھ گچھ کی تو یہ بات سامنے آئی کہ سونو کی گرل فرینڈ اور اس کے دوسرے عاشق نے سونو کا قتل کردیا ہے اور لاش کو گنگا نہر میں پھینک دیا ہے۔