ایک طرف جہاں یوگی حکومت مشن شکتی اور اینٹی رومیو مہم چلا کر بہو۔ بیٹیوں کے تحفظ کا دعویٰ کر رہی ہے تو وہیں بیٹیوں کے ساتھ ہورہے واقعات سے نہ صرف حکومت کے دعوؤں کی حقیقت بے نقاب ہو رہی ہے، بلکہ مشن شکتی مہم بھی بے معنی ثابت ہو رہی ہے۔
تازہ معاملہ مغربی اترپردیش کے میرٹھ کا ہے، جہاں چار نوجوانوں نے ٹیوشن پڑھنے نکلی طالبہ کو اغوا کر کے اس کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کی۔ الزام ہے کہ پول کھلنے کے ڈر سے ملزمین نے طالبہ کو زہر کھلا دیا۔
جیسے تیسے بدحواس حالت میں طالبہ گھر پہنچی اور اہل خانہ کو رواداد سنائی۔ آناً فاناً میں اہل خانہ نے طالبہ کو ہسپتال میں داخل کرایا جہاں اس کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ موقع پر پہنچی تھانہ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ وہیں اہل خانہ نے ملزمین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اہل خانہ کا الزام ہے کہ پہلے نوجوانوں نے شکایت کرنے پر طالبہ کو نہ صرف جان سے مارنے کی دھمکی دی بلکہ پول کھلنے پر طالبہ کو جبراً زہر کھلا دیا۔
طالبہ کو نازک حالت میں میرٹھ کے مودی پورم واقع ایس ڈی ایس گلوبل ہسپتال میں داخل کرایا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ طالبہ کی موت کے بعد اہل خانہ میں کہرام مچا ہوا ہے۔