علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج و ہسپتال کا شمار بھارت کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ہوتا ہے، جہاں ریاست اترپردیش کے مختلف اضلاع اور گاؤں دیہاتوں سے بڑی تعداد میں مریض آتے ہیں۔ میڈیکل کالج میں مریضوں کے علاج کے ساتھ کینسر، امراض قلب، حمل وغیرہ سے متعلق خصوصی مفت چیک اپ کیمپ منعقد کئے جاتے ہیں۔ جس میں بڑی تعداد میں مریض آتے ہیں۔
اسی ضمن میں جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ کارڈیالوجی کی جانب سے سپر اسپیشیلٹی بلاک کے او پی ڈی نمبر 14 میں 5 جولائی کو صبح 9 بجے سے پیس میکر چیک اپ کیمپ منعقد کیا جائے گا۔ کیمپ سے متعلق صدر شعبہ پروفیسر آصف حسن نے بتایا کہ ایسے افراد جنہوں نے میڈیکل کالج یا کسی دیگر ہسپتال سے پیس میکر یا دیگر ڈیوائس (اے آئی سی ڈی/سی آرٹی-ڈی) لگوایا ہے وہ اپنا رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ وہ کیمپ میں اپنے ساتھ متعلقہ دستاویزات لے کر آئیں۔