لکھنؤ: اترپردیش کے ضلع مئو کے گھوسی اسمبلی علاقے سے سابق ایم ایل اے دارا سنگھ چوہان پیر کو سماج وادی پارٹی (ایس پی) سے کنارہ کرکے دوبارہ بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ پارٹی کے ریاستی دفتر پر بی جے پی کے ریاستی صدر بھوپیندر سنگھ چودھری نے دارا سنگھ چوہان کو پارٹی کی رکنیت دلائی۔ اس موقع پر نائب وزیراعلی کیشو پرساد موریہ بھی موجود تھے۔ اس سے پہلے چوہان نے اسمبلی پہنچ کر اسمبلی اسپیکر ستیش مہانا کو اپنا استعفی سونپا۔ وہ ہفتہ کو اپنا استعفی ای میل کے ذریعہ اسمبلی اسپیکر کو بھیج چکے تھے۔ جس کی تصدیق خود پرنسپل سکریٹری پردیپ دوبے نے کی تھی۔ بی جے پی میں شامل ہونے پر داراسنگھ نے کہا'بی جے پی کے سپاہی کے طور پر میری گھر واپسی ہوئی ہے۔ اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی یوپی کی سبھی 80سیٹوں پر جیت کا علم لہرائے گی۔
نائب وزیر اعلی موریہ نے چوہان کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ چوہان کا بی جے پی میں دوبارہ استقبال ہے۔ ان کے آنے سے پارٹی کو مضبوطی ملے گی اور بی جے پی اگلے سال ہونے والے لوک سبھا الیکشن میں اترپردیش میں سبھی 80سیٹوں پر جیت درج کرے گی۔ اہم بات یہ ہے کہ دارا سنگھ کو یوگی حکومت کے پہلے میعاد کار میں کابینہ میں شامل کیا گیا تھا، لیکن گزشتہ سال اسمبلی انتخابات سے پہلے انہوں نے بی جے پی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا اور ایس پی میں شامل ہو گئے۔ پچھلے کچھ مہینوں سے دارا سنگھ چوہان کے ایس پی سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں دوبارہ شامل ہونے کی خبر گرم تھی۔۔ حال ہی میں دہلی میں وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے ان کا بی جے پی میں آنا تقریباً یقینی سمجھا جا رہا تھا۔