مہاراج گنج: بی جے پی کے سابق لیڈر راہی معصوم رضا پر ایک دلت لڑکی کی ساتھ مبینہ عصمت دری کا الزام ہے۔ اتوار کو راہی معصوم رضا کو عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا۔ اس سے قبل پولیس نے نیپال سے واپس آتے ہوئے اسے سونولی کوتوالی علاقے سے گرفتار کیا تھا۔ اس معاملے میں کوتوال سمیت 19 پولیس اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی گئی ہے۔ سٹی چوکی انچارج سمیت پانچ پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ایک کانسٹیبل کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
28 اگست کوسنت کبیر نگر ضلع کی رہنے والی ایک لڑکی نے کوتوالی پولیس میں عصمت دری، اپنی چھوٹی بہن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور اپنے والد کے قتل کے الزام کی شکایت درج کرائی تھی۔ اس معاملے میں کوتوالی پولیس نے 5 ستمبر کو ملزم سابق بی جے پی لیڈر راہی معصوم رضا ولد ثناء اللہ خان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ متاثرہ اور اس کا خاندان گزشتہ چھ سالوں سے سابق بی جے پی لیڈر کے گھر میں کرائے پر رہ رہے تھے۔
ایس پی کے حکم پر ضلع کی سوات اور ایس او جی ٹیموں کے ساتھ کوتوالی پولیس کی کل چار ٹیمیں گرفتاری کے لیے تعینات کی گئی تھی۔ 16 ستمبر کو ملزم راہی معصوم رضا کو سونولی کوتوالی علاقے کے گاؤں ہردیڈالی سے گرفتار کیا گیا۔ اتوار کو سی او صدر اجے سنگھ چوہان کی قیادت میں انہیں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان عدالت میں پیش کیا گیا۔ یہاں سے عدالت نے اسے عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا۔ ایڈیشنل ایس پی آتش کمار سنگھ نے بتایا کہ راہی معصوم رضا کو اتوار کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا۔