نوئیڈا:ریاست اترپردیش کے ضلع نوئیڈا میں واقع نوئیڈا اتھارٹی آفس کے سامنے سی پی آئی ایم کی مزدور تنظیم سیٹو نے دکاندار کے مسائل اور مطالبت کو لے کر احتجاجی دھرنے کا اہتمام کیا۔اس دھرنے میں اسٹریٹ وینڈرز کے کارکنان اور متاثرین نے شرکت کی ۔نوئیڈا پولیس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے دھرنا ختم کرایا۔ پولیس نے نہ صرف دھرنا ختم کرایا بلکہ جھنڈا، بینر، مائیک اور دیگر سامان بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ پولیس کی اس کارروائی کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے والوں کے فون بھی چھین لئے گئے تھے۔ تاہم ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے کے بعد فون واپس کرد یئے گئے۔
اس موقع پر سی آئی ٹی یو کے ضلع صدر گنگیشور دت شرما نے پولیس کی کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئینی نظام اور جمہوریت کا قتل ہے، ہماری لڑائی قانون کے نفاذ کے لئے ہے، اتھارٹی کی سی ای او ریتو مہیشوری قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے دکانداروں کے روزگار پر حملہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار کے منصفانہ مطالبات اور اپنے دیرینہ مسائل حل کرنے کی بجائے پولیس کے ذریعے دکانداروں کی تحریک کو دبانا چاہتے ہیں لیکن شاید وہ یہ بھول رہی ہیں کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی تحریک کو ظلم و ستم سے دبانے کی کوشش کی گئی تب تب تحریک مزید تیز ہوئی ہیں۔