ریاست اتر پردیش کے بریلی میں ائیرپورٹ اتھارٹی نے چیک ان کے دوران ایک مشتبہ شخص کو پکڑکر پولیس کے سپرد کر دیا ہے۔ اس شخص کے پاس سے دو آدھار کارڈ، دو پین کارڈ ملے ہیں جن میں نام اور پتہ مختلف ہے لیکن دونوں شناختی کارڈ میں گرفتار شخص کی تصویر ہے۔
فی الحال ائیرپورٹ اتھارٹی نے اسے پکڑ کر ضلع کے تھانہ عزت نگر پولیس کے سپرد کر دیا ہے۔ اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اسے جیل بھیجنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
پولیس کی گرفت میں آئے ممبئی کے آگھاڑی نگر میں اندھیری ایسٹ امبیکا ٹاور کے رہائشی اسلم اسماعیل مالا نے بتایا کہ 'بریلی میں مذہبی تقریب میں شرکت کے لیے پانچ افراد کو ممبئی سے بریلی آنا تھا۔ جس میں اُن کا ایک دوست اشفاق نواب شیخ بھی شامل تھا۔ اُس نے پیسے کی قلت ہونے کی وجہ سے اچانک بریلی آنے کا اپنا پروگرام منسوخ کر دیا۔ اسلم اسماعیل مالا کا ٹکٹ اُس وقت تک نہیں ہو پایا تھا۔ اس لیے اپنے دوست اشفاق نواب شیخ کا ٹکٹ اسکین کرا نے کے بعد اُس کے نام کی جگہ اپنا نام درج کروا لیا۔ اسی طرح آدھار کارڈ اور پین کارڈ کو اسکین کرانے کے بعد اپنی فوٹو لگوا لی۔
دستاویز میں دھوکہ دہی کرنے کے بعد، وہ 22 اگست کو اپنے دوستوں کے ساتھ بریلی پہنچا، مذہبی تقریب میں شرکت کی اور پھر ممبئی واپس جانے کے لیے ہوائی اڈے پر پہنچ گیا۔ بریلی ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد ایک سیکورٹی افسر نے اسے مشکوک مانتے ہوئے جامہ تلاشی کی تو اُس کے پاس سے دو آدھار کارڈ اور دو پین کارڈ ملے۔ نام اور پتہ دونوں میں مختلف تھا، لیکن فوٹو اسلم اسماعیل مالا کی لگی تھی۔ اس نے ٹکٹ اسکین کرنے کا اعتراف کیا ہے۔