بنارس: پہلی بار مسلم مسافر خانہ میں عید میلادالنبی کا پروگرام - بنارس عید میلادالنبی کا پروگرام
ہر برس بنارس کی بنیاد باغ پارک میں عید میلاد النبی کا پروگرام بڑے پیمانے پر منعقد ہوتا تھا لیکن رواں برس کورونا وائرس کی وجہ سے یہ پروگرام دال منڈی میں واقع مسلم مسافر خانے میں منعقد کیا گیا۔
ریاست اترپردیش کے ضلع بنارس میں عید میلاد النبی کے موقع پر مختلف پروگرام و تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں نعتیہ مقابلہ ،سیرت مصطفی کانفرنس قابل ذکر ہیں۔ اس موقع پر بنارس کے بنیاد باغ علاقے سے لے کر کے دور دراز علاقوں تک گلی بازار میں خوب رونق نظر آتی ہے۔ ہر برس بنارس کی بنیاد باغ پارک میں عید میلاد النبی کا پروگرام بڑے پیمانے پر منعقد ہوتا تھا لیکن رواں برس کورونا وائرس کی وجہ سے یہ پروگرام دال منڈی میں واقع مسلم مسافر خانے میں منعقد کیا گیا۔
ریاستی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین شکیل احمد عرف ببلو نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جس احساس کے ساتھ پوری دنیا کورونا وائرس کی وجہ سے محدود زندگی گزارنے پر مجبور ہے اسی کے ساتھ جشن عید میلاد النبی بھی منایا جارہا ہے۔ماسک ،سماجی فاصلہ ودیگر گائیڈ لائن کا بھرپور اہتمام کیا جا رہا ہے اور محدود پیمانے پر پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔