لکھنؤ: امام باڑہ غفران مآب میں پہلی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جواد نقوی نے عزاداری اور فرش عزا کی اہمیت و عظمت پر خطاب کیا۔ مولانا نے کہاکہ عزائے امام حسینؑ نجات کا بہترین ذریعہ ہے، اس لئے اخلاص کے ساتھ عزاداری کا انعقاد کرنا چاہیے۔ مولانا نے احادیث ائمہؑ کی روشنی میں فرش عزا کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ مجلس عزا کے چودہ نام امام جعفر صادق علیہ السلام نے بتلائے ہیں جن سے فرش عزا کی عظمت کا پتہ چلتا ہے۔ اس مجلس حسینؑ کو ملائکہ کے نزول کی جگہ درود کا مقام اور میدان عرفات سے تعبیر کیا گیا ہے۔
مجلس کے آغاز میں مولانا نے امام باڑہ غفران مآب کے بانی آیت اللہ العظمیٰ سید دلدار علی غفران مآبؒ کے بارے میں بیان کیا۔ انہوں نے کہاکہ جس عہد میں ہندوستان میں شیعوں کی بحیثیت قوم کے کوئی پہچان نہیں تھی، اس وقت حضرت غفران مآب نے شیعوں کو بحیثیت قوم کے الگ شناخت دی۔ عزاداری کے خدوخال متعین کئے۔ نماز جمعہ و جماعت کا قیام کیا۔ مکتب تشیع کے فروغ کے لئے متعدد کتابیں لکھیں۔