اترپردیش کے ضلع غازی آباد کے مرادنگر تھانہ حلقہ واقع بمبا روڈ پر شمشان گھاٹ کے احاطے میں گیلری کی چھت گرنے کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرتے ہوئے گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ پولیس نے بلدیہ کے ای او اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس حادثے میں اب تک 25 افراد کی موت ہوچکی ہے۔
غازی آباد شمشان گھاٹ حادثہ میں ایف آئی آر درج ہونے کے بعد اب تک تین ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جن افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ان میں کنٹریکٹر اجے تیاگی(ٹھیکیدار )، میونسپل کارپوریشن ای او انجینیر نہاریکا سنگھ، جونیر انجینیر چندرا پال، سوپروائزر اشیش اور ایک دیگر نامعلوم شخص شامل ہیں۔ پولیس نے ان افراد کے خلاف دفعہ 304، 337، 338، 427 اور 409 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔