رامپور سے موجودہ رکن پارلیمان اعظم خان کے اہل خانہ کی مشکلیں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ اب اعظم خان کے بیٹے عبداللہ کے خلاف کوتوالی سوار میں ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔ عبداللہ خان رامپور کی 34 سوار اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔
سوار علاقے سے الیکشن لڑتے وقت عبداللہ خان کے ذریعے الیکشن کمیشن کے حلف نامے میں غلط پیدائش کی تاریخ داخل کیے جانے کے معاملے میں عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 125 اے کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن میں غلط معلومات دینے اور حلف نامے میں غلط تفصیلات دیے جانے کی شکایت سابق وزیر نواب کاظم علی خان نے الیکشن کمیشن سے کی تھی۔ نواب کاظم علی خان کے شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے خط کی بنیاد پر اب ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔