ریاست اترپردیش کے بستی ضلع ہسپتال میں کام کرنے والی خاتون ہیلتھ ورکر کو گھر میں داخل نہ ہونے دینے پر مکان مالک کو مہنگا پڑ گیا۔ ایس پی ہیمراج مینا نے کوتوالی میں مالک مکان کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے تحت کام کرنے والے افسران اور ملازمین کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں کسی قسم کی تکلیف نہیں ہونے دی جائے گی۔
بستی کے ضلع ہسپتال میں کوارینٹین وارڈ اور ضروری انتظامات کو دیکھنے پہنچے ضلع مجسٹریٹ اور ایس پی کو وارڈ لیڈی مانوی نے روتے ہوئے ساری دستان بتا دی کہ مکان مالک اسے اپنے گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔ اس کی وجہ سے اس کو رہنے میں کافی پریشانی ہو رہی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ نے ایسے تمام مکان مالکوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے لڑنے والے عہدیداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔