پریاگ راج: اترپردیش پولیس نے عتیق احمد کے بیٹے علی احمد کے خلاف پریاگ راج کے کریلی میں مبینہ طور پر دھمکی دینے، زمین پر قبضہ کرنے اور 50 لاکھ روپے کی بھتہ خوری کے الزام میں ایک اور مقدمہ درج کیا ہے، حکام نے منگل کو اس کی اطلاع دی ہے۔حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی کریلی کے رہائشی دانش شکیل کی شکایت کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ ایف آئی آر میں علی کے ساتھ پانچ دیگر لوگوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ملزم نے شکایت کنندہ کی بہن کو زمین اس کے نام فروخت کرنے کی مبینہ دھمکی دی اور ایسا نہ کرنے پر اس نے 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا۔ پولیس نے بتایا کہ پریاگ راج کے دھومن گنج پولیس اسٹیشن میں آئی پی سی کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بتادیں کہ رواں سال کے شروع میں 2021 کے بھتہ خوری کے مقدمے میں عتیق احمد کے بیٹے علی احمد کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ نے مشاہدہ کیا کہ ایسے مجرم کو ضمانت پر رہا کرنا نہ صرف گواہوں کے لیے بلکہ معاشرے کے لئے بھی خطرہ ہوگا۔