لکھنؤ:اتر پردیش میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں جمعرات کو نو منڈلوں کے 38 اضلاع میں اوسطاً 53 فیصد لوگوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ چند ایک جگہوں پر چھٹپٹ واقعات کو چھوڑ کر پولنگ عام طور پر پرامن رہی۔ اس دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ووٹوں کی گنتی 13 مئی کو ہوگی۔ انتخابات کے پہلے مرحلے میں تقریباً 52 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ دوسرے مرحلے میں سات میئر، 581 کارپوریٹر، 95 میونسپل کونسل صدر، 2520 میونسپل کونسل ممبران، 267 میونسپل کونسل صدور اور 3459 میونسپل کونسل ممبران کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔ ریاستی الیکشن کمشنر منوج کمار نے جمعرات کی شام دیر گئے بتایا کہ کانپور شہر کی نگر پنچایت بلہور کے ممبر کے عہدہ کے پولنگ اسٹیشن نمبر 16 اور وارڈ نمبر 22 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 22 اور پولنگ اسٹیشن نمبر 16، 22 اور 25 پر دوبارہ پولنگ جمعہ کی صبح 7 بجے سے ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ 'نگر پنچایت بلہور کے وارڈ نمبر 16، 22 اور 25 میں کچھ لوگوں کے بیلٹ بکسوں میں پانی ڈالنے کی شکایت ملنے کے بعد دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منوج کمار نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 38 اضلاع میں کل ملاکر 53 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے، جس میں امیٹھی میں 64.9 فیصد، امبیڈکر نگر میں 62.86 فیصد، اجودھیا میں 52.6 فیصد، علی گڑھ میں 50.48 فیصد، اعظم گڑھ میں 57.49 فیصد، اٹاوہ میں 53.76 فیصد،ایٹا میں 56.72 فیصد، اوریا میں 62.56 فیصد، قنوج میں 64.6 فیصد، کانپور دیہات میں 67.37 فیصد، کانپور نگر میں 42.64 فیصد، کاس گنج میں 59.94 فیصد، غازی آباد میں 45.52 فیصد، گوتم بدھ نگر میں 57 فیصد، چترکوٹ میں 55.53 فیصد، پیلی بھیت میں 62.16 فیصد، فرخ آباد میں 56.06 فیصد، بدایوں میں 59.56 فیصد، بریلی میں 50.49 فیصد، بلند شہر میں 62.48 فیصد، بلیا میں 56.18 فیصد پولنگ ہوئی ہے۔