ریاست اترپردیش کے رامپور میں رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کا اہتمام عمل میں آیا۔ کورونا کے قہر کے سائے میں جامع مسجد سمیت ضلع کی تمام مساجد میں بہت کم لوگوں نے نماز جمعہ ادا کی۔
رامپور: مساجد میں کم لوگوں نے جمعہ کی نماز ادا کی غوثیہ مسجد میں مولانا حسیب احمد نے خطبہ جمعہ کے دوران رمضان المبارک کے پہلے عشرے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت کا عشرہ ہے۔
کورونا دور میں حکومتی گائڈلائنس پر عمل کرتے ہوئے جامع مسجد سمیت ضلع کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں بہت ہی کم تعداد میں فرزندان توحید نے نماز جمعہ کی ادا کی۔ جامع مسجد میں مولانا اعتصام اللہ خان نے امامت کا فریضہ انجام دیا جبکہ مسجد غوثیہ میں مولانا حسیب احمد نے خطبہ جمعہ دیا اور امامت کی۔
اس موقع پر انہوں نے خصوصی طور پر رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے تین عشرے ہوتے ہیں جس میں سے پہلا عشرہ رحمت کا عشرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فطری طور پر ہر انسان کو رحمت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اللہ کی رحمت بہت ہی خاص رحمت ہے اور ہم اللہ کی رحمت کا شمار نہیں کر سکتے۔
اس موقع پر مولانا حسیب احمد نے کورونا وباء سے متعلق کہا کہ کورونا جیسی مہلک بیماریاں کسی ایک قوم یا کسی خاص مذہب کے لئے نہیں ہوتی ہیں بلکہ تمام انسانیت کے لئے ہوتی ہے۔ مولانا حسیب احمد نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ جو بھی ممکن تدابیر ہو سکتی ہیں۔ بیماری سے بچنے کے لئے وہ کرنی چاہئے اور خصوصی طور پر اللہ سے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ جلد اس بیماری کو ختم کرے۔