علیگڑھ:علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کیمپس میں ان دنوں اے ایم ایل پروڈکشن کی فلم کی شوٹنگ ہو رہی ہے۔ فیچر فلم کے ڈائریکٹر دانش جاوید کے مطابق اس فیچر فلم کا نام'تیرے عشق میں'ہے۔ اس کی تقریبا پچاس فیصد شوٹنگ اے ایم یو کیمپس میں ہی ہوگی۔ باقی نینیتال، مرادآباد سمیت دیگر مقامات پر ہوگی۔ ڈائریکٹر دانش جاوید نے بتایا یہ فلم سر سید احمد خان کے پیغام امن پر مبنی ہے۔ اس سے سر سید کے پیغام امن کو نئی پرواز ملے گی۔
فلم کی کہانی امن پر مبنی ہے۔ اس میں دکھایا جائے گا کہ امن پر اے ایم یو میں بین الاقوامی سطح کا ایک سمینار ہوتا ہے۔ اس میں دنیا کے دیگر ممالک سے طلباء حصہ لینے آتے ہیں۔ سمینار میں حصہ لئے والے دو طلباء پر اس فلم کی کہانی ہے۔ امن پر بین الاقوامی سمینار کی شوٹنگ اے ایم یو کے تاریخی کینیڈی آڈیٹوریم میں ہوگی۔ سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈائریکٹر نے بتایا شاعر شہریار (اخلاق محمد خان) کا اس کہانی سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ کسی بھی زندہ کردار سے اس فلم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔