لکھنؤ:قرآن و حدیث کی روشنی میں اگر ہم اپنی زندگی گزاریں تو آج بھی اچھی زندگی گزار سکتے ہیں۔ دور نبوی میں نبی اکرمؐ کی ہدایات بھی ایک طب ہے، جو طب نبوی کے نام سے جانی جاتی ہے۔ قرآن ایک میڈیکل کی کتاب تو نہیں ہے لیکن کئی سورتیں اور آیتیں ایسی ہیں جو مکمل صحت اور شفا کے لیے ہیں۔ پوری میڈیکل سائنس کو کہیں سمیٹ کر رکھا گیا ہے تو وہ قرآن کی سورۃ 7 ؍ آیت 30 اور 31 میں کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر کوثر عثمان نے کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
Fast Food is Dangerous فاسٹ فوڈ سے قبل از وقت ہی موت ہوجانے کا اندیشہ: ڈاکٹر کوثر عثمان - ای ٹی وی بھارت اردو نیوز
لکھنؤ میں واقع کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر کوثر عثمان نے کہا ہے کہ فاسٹ فوڈ، فاسٹ کلر ہیں، اس کے استعمال سے دس برس قبل ہی موت کے شکار ہوجاتے ہیں۔ Fast Food is Dangerous
بچے ہو رہے ہیں ذیابیطس کے شکار
جماعت اسلامی ہند کے ماہانہ اجتماع سے ڈاکٹر کوثر عثمان نے خطاب کیا۔ وہ جماعت اسلامی ہند، شہر لکھنؤ کے ماہانہ اجتماع میں ’’موجودہ طرز زندگی اور ہماری صحت، طب نبوی کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر کوثر عثمان نے کہا کہ تین چیزیں ایسی ہیں جو بیماریوں کو تیزی سے بڑھا رہی ہیں، ان میں سے ایک ملاوٹی غذا ہے، آج بازار میں کوئی بھی خالص اشیاء دستیاب نہیں ہیں۔ کوئی بھی چیز قدرتی نہیں ہے، سب ریفائنڈ ہیں، فاسٹ فوڈ سے اپنے بچوں کو روکیں، فاسٹ فوڈ فاسٹ کلر کا کام کر رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے چھوٹے چھوٹے بچے ذیابیطس اور موٹاپا کے شکار ہیں۔ جس کی وجہ سے ان کی زندگی کے دس سال کم ہو جاتے ہیں۔ دوسری چیز ہماری آلودگی سے پُر ماحولیات ہے۔ ماحولیات کے تحفظ کے لیے بھی ہم کچھ خاص کام نہیں کرتے نہ اس جانب کوئی توجہ دی جاتی ہے۔ تیسری چیز جسمانی محنت ہے، جو ہم نہ کے برابر کرتے ہیں۔ موت کی کئی وجوہ ہیں ان میں سے اہم وجہ یہ ہے کہ ہم جسمانی محنت نہیں کرتے ہیں۔ طب نبوی میں جسمانی ورزش کے سلسلہ میں بہت تاکید کی گئی ہے۔ اللہ کے رسول محنت کرنے کو پسند فرماتے تھے اور گھڑ سواری وغیرہ سیکھنے کی تاکید فرماتے تھے۔
ڈاکٹر کوثر عثمان نے کہا کہ تمباکو ہمارے سماج کو ہلاک کر رہا ہے۔ ہمارے پاس جو مریض آ رہے ہیں اس میں 90 فیصد بیماریاں تمباکو کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ اس سلسلہ میں ہمیں بیداری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسم اللہ کی امانت ہے، ہم میں سے بہت سے لوگ ایسے ہیں جو اپنا صحیح طریقہ سے علاج نہیں کرتے ہیں۔ اچھے طبیب سے علاج کرانا بھی سنت رسولؐ ہے، ہماری زندگی ہماری ملکیت نہیں ہے بلکہ اللہ کی امانت ہے اور ہمیں امانت کی دیکھ بھال کرنی چاہیے۔
طب نبوی سے ہمیں یہ تعلیم ملتی ہے کہ موسمی پھل اور سبزی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، لیکن آج موسمی سبزی اور پھلوں کا استعمال کم ہو گیا۔ نوجوانوں میں نفسیاتی امراض بڑھ گئے ہیں اس کی مختلف وجوہ میں کمپٹیشن، سوشل میڈیا وغیرہ ہیں۔ طب نبوی کے مطابق اللہ کی یاد میں اور اللہ سے تعلق مضبوط ہوتا ہے تو نفسیاتی بیماریاں نہیں ہوتی ہیں۔ بیماری صرف جسمانی نہیں ہوتی ہیں، بلکہ روحانی بیماری بھی ہوتی ہیں اور جن کا تعلق اللہ سے مضبوط ہوتا ہے وہ روحانی اعتبار سے انتہائی مضبوط ہوتے ہیں۔
اس سے قبل مولانا محمد علی نعیم رازی کا درس قرآن ہوا۔ سورۃ حجرات کا درس دیتے ہوئے مولانا رازی نے کہا کہ لوگوں میں نفرت اور نزاع کی سب سے بڑی وجہ لوگوں کا ایک دوسرے کے سلسلہ میں بدگمانی رکھنا، ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنا اور غیبت کرنا۔ سماج میں لوگوں کے درمیان عدل و انصاف کے ساتھ صلح رحمی کا معاملہ رکھنا چاہیئے۔ نبی اکرمؐ کی بعثت کے وقت لوگوں میں جو اختلافات تھے ان کو نبیؐ نے عدل و انصاف کے ساتھ ختم کیا اور واضح طور پر یہ پیغام دیا کہ سبھی ایک آدم کی اولاد ہیں اور کوئی کسی پر قبیلہ کی بنیاد پر، ذات کی بنیاد پر، ملک کی بنیاد پر فوقیت نہیں رکھتا ہے۔ پروگرام کی نظامت اندرا نگر جماعت کے امیر مقامی حبیب احمد نے کی۔ ناظم شہر مولانا زبیر ملک فلاحی کے تشکراتی کلمات اور دعا سے پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔