اترپردیش کے رامپور میں معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر سید عبداللہ طارق کی دعوتی تنظیم ورک کی جانب سے گذشتہ کورونا کی پہلی لہر کے بعد سے آن لائن نمازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ دو روز قبل دارالعلوم دیوبند کی جانب سے آن لائن نماز ادا کرنے کے خلاف فتویٰ جاری کیا گیا ہے۔
اب اس کے بعد آن لائن نماز جاری رہ سکے گی یا نہیں؟ اس متعلق ورلڈ آرگنائزیشن آف رلیجنس اینڈ نالج یعنی ورک کے سربراہ سید عبداللہ طارق سے ای ٹی وی بھارت نے خصوصی گفتگو کی۔ پیش ہے یہ رپورٹ۔
گذشتہ برس سے رامپور میں معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر سید عبداللہ طارق کی جانب سے آن لائن نماز کا سلسلہ جاری ہے۔ جس میں فیس بک لائیو کے ذریعہ ملک و بیرون ممالک کے مقتدی اپنے خطہ کے اوقات صلوٰۃ کے اعتبار سے جڑتے ہیں۔
سید عبداللہ طارق کے مطابق ناخوشگوار حالات کے پیش نظر مسلمانوں کی اجتماعیت کو برقرار رکھنے کے لیے آن لائن نماز کا اہتمام کیا جانا چاہیے۔ وہیں، دو روز قبل دارالعلوم دیوبند کی جانب سے فتویٰ جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی صورت میں آن لائن نماز جائز نہیں ہے۔
اس فتویٰ سے متعلق جب ہم نے سید عبداللہ طارق سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ہم نے سیرت النبی کے احکامات کی روشنی میں ہی کورونا جیسے ناخوشگوار حالات میں آن لائن نماز کا سلسلہ شروع کیا ہے۔