سہارنپور میں حسب اعلان آج کسانوں نے نئے زرعی قوانین کے خلاف چکاّ جام کرتے ہوئے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور مرکزی حکومت سے نئے زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
اس سلسلہ میں مانکی مندر پر کسانوں کی پنچایت کا انعقاد کیاگیا، جس میں کسان لیڈران کے علاوہ مختلف سماجی و سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کرکے مرکزی حکومت کو جم کر نشانہ بناتے ہوئے حکومت سے فوری طورپر زرعی قوانین واپس لینے کی مانگ کی۔
اس موقع پر کانگریس کے ضلع صدر چودھری مظفرعلی نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کسانوں پر ظلم کررہی ہے اور دشمنوں جیسا رویہ اختیار کرکے یہ ثابت کررہی ہے یہ حکومت جمہوریت کو ختم کرناچاہتی ہے۔