زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک کا اثر مظفرنگر اور شاملی کے بعد سہارنپور تک پہنچ چکا ہے۔ غازی پور بارڈر پر بھارتیہ کسان یونین کے لیڈران کی کسان تحریک جاری ہے۔ اسی درمیان سہارنپور میں اس قانون سے ناراض کسانوں نے گاؤں میں بی جے پی سے جڑے لوگوں کو داخل ہونے پر پابندی عائد کرتے ہوئے بینر لگا دئے ہیں۔
نکوڑ بلاک کے گاؤں فتح پور جٹ میں کسانوں نے بی جے پی سے جڑے لوگوں کے داخلے پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔ کسانوں نے باقاعدہ بینر چھپوا کر گاؤں میں چسپاں کر دیئے ہیں۔
بینر کے اوپر صاف طور پر تحریر ہے کہ بی جے پی لیڈران کا گاؤں میں آنا منع ہے، جان و مال کے نقصان پر خود ذمہ دار ہوں گے۔
اس سلسلہ میں کسانوں کا کہنا ہے کہ ہم اپنے حقوق کے لئے لڑ رہے ہیں۔ کسان غازی پور بارڈر پر اس قانون کی مخالفت کر رہے ہیں۔ حکومت کسانوں کے درد کو سمجھنے کی کوشش نہیں کررہی ہے۔