ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا کے چلہ سرحد پر کسانوں کی تعداد مسلسل بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ تمام تر حربہ اور بےحسی کے باوجود کسانوں کے جوش اور جذبہ میں کوئی کمی واقع نہیں ہو رہی ہے۔ سردی اپنی انتہا کو پہنچ رہی ہے۔ لیکن حکومت کو کسانوں اور عوام کے احساسات اور جذبات سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ کسان عدم تحفظ کا شکار ہیں اور حکومت تحفظات دور کرنے سے قاصر ہے۔ باوجود اس کے کسانوں کی تحریک زور پکڑتی جارہی ہے۔
سیکڑوں گاڑیاں راستے میں ہیں اور سیکڑوں کو پولیس انتظامیہ نے مختلف مقامات پر روک دیا ہے۔ کل وزیر زراعت کے بھیجے گئے خطوط کو نذرآتش کیا گیا۔ لیکن کسانوں کی رائے تھی کہ وزیر زراعت کا پتلا نذر آتش کیا جائے، لیکن جیسے ہی پولیس کو بھنک لگی، پولیس فوری ایکشن میں آگئی اور بھارتیہ کسان یونین کے صدر بھانو پرتاپ سنگھ سے مذاکرات شروع کر دی۔