ریاست اتر پردیش کے نوئیڈا میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے نوئیڈا اتھارٹی کے خلاف 81 گاؤں کے کسانوں کا مظاہرہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں آج ہزاروں کسان اتھارٹی کے گیٹ پر پہنچے لیکن وہاں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات تھے۔ پولیس نے کسانوں کو دفتر کے اندر جانے سے روک دیا۔
حال ہی میں افسران اور کسان نمائندوں کے درمیان ایک میٹنگ ہوئی تھی۔ لیکن تمام مطالبات پر اتفاق نہیں ہو پایا تھا۔
واضح رہے کہ نوئیڈا کے 81 گاؤں کے کسان اپنے چار اہم مطالبات کو لے کر ایک ماہ 25 دنوں سے اتھارٹی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ آج ایک بار پھر ہزاروں کسان ہرولا کے بارات گھر سے نوئیڈا اتھارٹی کے دفتر پہنچے۔ احتیاط کے طور پر پولیس نے بیری کیڈنگ کی تھی۔ کسان اسے توڑ کر اندر جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ لیکن بڑی تعداد میں تعینات پولیس اہلکاروں نے انہیں روک دیا۔
وہیں اس احتجاج میں سینکڑوں خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ خواتین ڈھولک کے ساتھ اتھارٹی کے سامنے بیٹھی ہیں اور گانے گا کر احتجاج کر رہی ہیں۔ بھارتیہ کسان پریشد نوئیڈا اتھارٹی کی قیادت میں یہ خواتین اپنے مطالبات کے لیے گزشتہ دو ماہ سے مسلسل مظاہرہ کر رہی ہیں۔ یہ تحریک اب زور پکڑ رہی ہے۔