آج کسانوں کے احتجاج کا 27 واں دن ہے۔ کسان رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ مذاکرات کے لئے اگلی تاریخ کے بارے میں مرکز کے خط میں کچھ بھی نیا نہیں ہے۔ مرکز کے نئے زرعی قوانین کو مسترد کرنے کے لئے ہریانہ اور اترپردیش سے متصل مختلف سرحدوں پر کسانوں نے سلسلہ وار طریقے سے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔
کرانتی کاری کسان یونین کے گرمیت سنگھ نے کہا کہ کسان رہنماؤں کے اگلے قدم کے لئے منگل کو میٹنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسان تنظیمیں بہار جیسی دیگر ریاستوں کے کسانوں سے بھی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
دہلی کی مختلف سرحدوں پر گزشتہ چار ہفتوں سے ہزاروں کسان شدید سردی میں احتجاج کر رہے ہیں اور حکومت سے نئے زرعی قوانین کو رد کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان میں زیادہ تر کسانوں کا تعلق پنجاب اور ہریانہ سے ہے۔
نئے زرعی قوانین کے خلاف مختلف مقامات پر کسانوں کا احتجاج پیر کے روز بھی جاری رہا۔ کسانوں نے اس دوران 24 گھنٹے کی بھوک ہڑتال کی۔
وہیں، وزارت زراعت کے جوائنٹ سکریٹری ویویک اگروال نے اتوار کے روز تقریباً 40 کسان تنظیموں کے رہنماؤں کو ایک خط لکھ کر قانون میں ترمیم کرنے کی تجاویز پر اپنے خدشات کے بارے میں انہیں بتانے اور اگلے مرحلے کے مذاکرات کے لیے ایک مناسب تاریخ طے کرنے کو کہا ہے تاکہ جلد سے جلد یہ تحریک ختم ہو۔