بہار اسمبلی انتخابات میں مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پانچ سیٹوں پر جیت درج کی ہے، جس کےبعد سیکولر جماعتوں اور سیکولر عوام کی جانب سے سخت تنقید کی جارہی ہے۔ اور اسے بی جے پی کی بی ٹیم قرار دیا جارہا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران ممتاز شاعر منور رانا نے اسدالدین اویسی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'حیدرآباد کی درو دیوار سے میں واقف ہوں۔ وہاں سے مجھے بے پناہ محبت ملی ہے، لیکن اسد الدین اویسی یو پی کے مسلمانوں کو برباد کرنے پر آمادہ ہیں۔
انہوں نے اویسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ، 'اگر وہ تیجسوی یادو کے پاس جاتے تو پانچ سیٹ مل جاتی، لیکن انہوں نے سیکولر پارٹی کو کمزور کرنے کے لیے اتحاد نہیں کیا۔'
منور رانا نے کہا کہ، 'اگر میں سچ بولتا ہوں تو مجھ پر ایف آئی آر درج ہوتی ہے اور دوسرے لوگوں پر سی بی آئی، آئی ڈی کا چھاپہ پڑتا ہے لیکن اویسی پر ایسا کیوں نہیں ہوتا جبکہ اس کے پاس 20 برسوں میں 15 ہزار کروڑ روپے کی دولت آ گئی ہے۔'
ممتاز شاعر نے کہا کہ، 'ہمارا سانحہ یہ ہے کہ ہر دور حکومت میں ہمارے لوگ ہی جنگل میں شکاری کے لئے 'ہانکا' ( پھندا) لگاتے ہیں۔ آج وہی کام اویسی کر رہا ہے اور مسلمانوں کو قتل کرا رہا ہے۔'