لکھنؤ: اترپردیش میں دلتوں، پچھڑوں، غریبوں، محرومین،بے قصوروں پر لگاتار مظالم ہونے کا الزام لگاتے ہوئے سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کو کہا کہ جو حکومت ریاست کا مستقل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس(ڈی جی پی) نہیں دے سکتی ہے وہ نظم ونسق کیسے درست رکھ سکتی ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ ریاست میں نظم ونسق نام کی چیز نہیں ہے۔ ہر طرف لاقانونیت کا دور دورہ ہے۔ قتل،لوٹ،چوری اور عصمت دری کے واقعات میں اضاف ہورہا ہے۔بچیاں اور خواتین محفوظ نہیں ہیں۔ حکومت کے تحفظ یافتہ دبنگوں اور مجرمین کا حوصلہ بڑھا ہوا ہے۔
فیروزآباد میں دبنگوں نے ایک نوجوان کو سزائیں دیں۔ مارا پیٹا اور اس کے ساتھ بربیت کی جسے لے کر حقوق انسانی کمیشن نے حکومت کو نوٹس بھیجا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت جرائم کنٹرول میں پوری طرح سے ناکام ہے۔ جو حکومت ریاست کا پرماننٹ ڈی جی پی نہیں دے سکتی وہ نظم ونسق کیسے ٹھیک رکھ سکتی ہے۔ بی جے پی حکومت میں کسی کو بھی انصاف نہیں مل رہا ہے۔ کہیں دبنگ اور مجرمین قتل کی واردات کو انجام دے رہے ہیں تو کہیں پولیس بے قصوروں کو پیٹ کر،انکاونٹر میں مار دیتی ہے۔ ریاست میں چوری اور لوٹ کے واردات بہت بڑھ گئے ہیں۔