لکھنو: اتر پردیش کانگریس پارٹی اقلیتی سیل کے ریاستی صدر شہنواز عالم نے ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت مسلمانوں کو یو سی سی سے ڈرا رہی ہے، یونیفارم سول کوڈ کی حمایت کرنے والے اور مخالفت کرنے والے دونوں لوگوں کو یہ پتہ نہیں ہے کہ اس کی حمایت کیوں کر رہے ہیں اور اس کی مخالفت کیوں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک حکومت نے اس تعلق سے کوئی ڈراف پیش نہیں کیا تو اس تعلق سے کچھ بھی کہنا بے سود ہے۔
یونیفارم سول کوڈ کے حوالے سے شہنواز نے کہا کہ بی جے پی نے لا کمیشن کے چیئرمین عہدے کے لیے جن کا انتخاب کیا گیا ہے ان کی شخصیت پہلے ہی سے ہی متنازع ہے، انہوں نے برقعہ یعنی حجاب کے خلاف اپنا فیصلہ سنایا تھا جبکہ لا کمیشن کے ایک رکن ہیں جنہوں نے نام نہاد لو جہاد کے حق میں فیصلہ دیا تھا جس سے واضح ہوتا ہے کہ یو سی سی لانے کا کیا مقصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ مرکزی حکومت کے امید کے مطابق یونیفارم سول کوڈ کی مخالفت نہیں ہوئی اور یہی وجہ ہے کہ اب صرف میڈیا میں یو سی سی پر بحث کی جا رہی ہے حکومت کا اس پر کوئی ایکشن پلان ظاہر نہیں ہو رہا ہے۔