جونپور:اتر پردیش کے ضلع جونپور میں آخری مرحلہ میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ ایسے میں تمام سیاسی جماعتیں اپنی اپنی کامیابی کے دعوے کر رہی ہیں۔ Exclusive Interview with AIMIM Candidate Nayab Alam
جونپور میں کل 9 اسمبلی نشستیں ہیں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے جونپور کی صرف تین اسمبلی نشست صدر، شاہ گنج، منگرا بادشاہ پور سے اپنے امیدوار انتخابی میدان میں اتارے ہیں، جس کو مضبوطی دینے کے لیے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے قومی صدر اسد الدین اویسی 4 مارچ کو شاہ گنج اسمبلی حلقہ کے موضع پٹیلہ میں عوام سے خطاب کریں گے۔
ای ٹی وی بھارت نے شاہ گنج اسمبلی حلقہ سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے امیدوار نایاب عالم سے خصوصی گفتگو کی ہے۔
نایاب احمد نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ عوام کا ہجوم دیکھ کر یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مجھے عوام کا کتنا ساتھ مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حلقہ سے مسلسل 20 سال سے سماجوادی پارٹی کا رکن اسمبلی رہا ہے جس نے شاہ گنج کو ترقی سے محروم کردیا یہاں پر ترقی کا نام و نشان بھی نہیں ہے۔ یہاں سڑک بھی درست نہیں ہے اور وزیر توانائی رہتے ہوئے بھی شیلیندر یادو عرف للئ نے بجلی کے تار تک کو بھی تبدیل نہیں کرایا، شاہ گنج گنا شوگر میل ہوا کرتی تھی، جو بہوجن سماج پارٹی کی حکومت میں نیلام ہو گئی شیلیندر یادو عرف للئ نے رکن اسمبلی ہونے کے باوجود بھی انہوں نے ایوانِ اسمبلی میں آواز تک نہیں اٹھائی وہ ایک ناکارہ رکن اسمبلی ثابت ہوئے۔
نایاب عالم نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران موجودہ رکن اسمبلی شیلیندر یادو عرف للئ نے شاہ گنج اسمبلی حلقہ کی عوام کو خود کو کورونا مریض بتا کر اپنے گھر میں چھپ گئے اور نہ اسمبلی حلقہ کے لوگوں کے روزگار کے بارے میں سوچا اور نہ ڈگری کالج کے تعلق سے سوچا فقط انہوں نے اپنا اور اپنے ساتھیوں کو ذاتی فائدہ پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ شاہ گنج اسمبلی حلقہ کے تمام امیدواروں میں 'میں خود کو سب سے اوپر پاتا ہوں کیونکہ تمام امیدواروں کے ساتھ آج کا نوجوان سیٹل نہیں ہو پارہا ہے اور آنے والا وقت آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کا ہے۔