لکھنؤ:ای ٹی وی بھارت نے لکھنؤ کے حضرت گنج میں واقع رتن اسکوائر پر پاسپورٹ دفتر پر گراؤنڈ زیرو سے اس کی حقیت جاننے کی کوشش کی جہاں پر سینکڑوں دلال باہر کھڑے ہو کر عوام کو ٹھگ رہے ہیں۔ کیمرہ پر کسی نے بات نہیں کی تاہم آف کیمرہ سبھی سرکاری فیس سے دوگنی رقم لیکر فوری پاسپورٹ بنوانے کا دعوی کررہے تھے۔
ای ٹی وی بھارت نے لکھنو کے گومتی نگر میں پاسپورٹ محکمہ میں پبلک ریلیشن آفیسر سے ان دلالوں کے خلاف کارروائی کرنے کا سوال کیا۔ آفیسر سندیپ نے کہا کہ یہ درست ہے کہ پاسپورٹ آفس کے باہر دلالوں کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے۔ جب ہم بھی کسی دفتر پر جاتے ہیں تو دلال گھیر لیتے ہیں۔ ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے محکمہ کے اعلی افسران نے یوپی کے ڈی جی پی سے بھی ملاقات کی، تاہم کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے سبھی سے اپیل کی ہے کہ جو بھی پاسپورٹ کے لئے درخواست دے رہا ہے، وہ محکمہ کے ویب سائٹ پر معلومات حاصل کرکے خود درخواست دے یا حکومت سے منظور شدہ جن واڑی کیندر سے اپلائی کرے۔ لاگ ان کا پاس ورڈ اور آئی ڈی اپنے پاس رکھے ۔کسی بھی دلال کے بہکاوے میں نہ آئے اور نہ ہی بےجا رقم دے جو بھی فیس ہے وہ ان لائن جمع ہوتی ہے۔