ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور کی پہچان رامپوری چاقو سے کی جاتی ہے لیکن دیگر صنعتوں کی طرح یہ صنعت بھی اب ختم ہونے کے دہانے پر ہے۔
اس سے متعلق ای ٹی وی بھارت نے گذشتہ دنوں ایک خصوصی رپورٹ پیش کی تھی جس میں اس صنعت سے جڑے کاریگروں کی صورتحال کو بیاں کیا تھا۔ ایک دور تھا جب رامپوری چاقو اپنی آن بان اور شان کے لئے جانا جاتا تھا۔ اس صنعت سے جڑے ہزاروں کاریگر خوشحالی کے ساتھ اپنی گزر بسر کر رہے تھے۔ لیکن گذشتہ 20 برسوں سے رامپوری چاقو مارکیٹ سے غائب ہوتا گیا۔
اس صنعت سے جڑے کاریگر بھی حالات کو دیکھتے ہوئے اپنا پیشہ بدل لئے اور متعدد کاریگر وسائل کی کمی ہونے کی وجہ سے مجبوراً اس سے جڑے ہوئے ہیں لیکن مفلسی کی زندگی جینے پر مجبور ہیں۔
ای ٹی وی بھارت نے گذشتہ دنوں رامپوری چاقو کے ایک کاریگر محمد یامین کی صورتحال سے عوام کو رو برو کرایا تھا جس میں محمد یامین نے بتایا تھا کہ وہ گذشتہ 35 برسوں سے اس صنعت سے جڑے ہوئے ہیں لیکن جس طرح اس چاقو کا دنیا بھر میں پہلے نام اور مقام تھا وہ اب نہیں ہے شاید دوبارہ کبھی عروج حاصل ہو۔
ای ٹی وی بھارت کی جانب سے پیش کئے گئے اس رپورٹ کے بعد ضلع مجسٹریٹ آنجنے کمار سنگھ نے خود محمد یامین کی رہائش گاہ پہنچے اور وہاں ان کی حالات کا جائزہ لیا جس کے بعد انہوں نے محمد یامین کو یقین دہانی کرائی کہ وہ رامپور کی اس صنعت کو دوباہ پٹری پر لانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ بائٹ: آنجنئے کمار سنگھ، ڈی ایم رامپور
چاقو کاریگر محمد یامین نے ای ٹی وی بھارت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ جب ای ٹی وی بھارت پر یہ رپورٹ چلی تو اس کے کچھ دن ہی بعد ضلع انتظامیہ خود ان کی رہائش گاہ پر پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا جب ان کے کام کو فروغ دینے کے لئے ضلع کے افسران ان کے گھر پہنچے اور اب دیگر افسران بھی ان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
وہیں اس بار رامپور کے نمائش گراونڈ میں 18 دسمبر سے 28 دسمبر 2020 تک منعقد ہونے والے ہنر ہاٹ میں رامپوری چاقو کے بھی اسٹال لگائے جائیں گے۔