اٹاوہ:ملک میں تیزی سے غائب ہو رہی گوریا کی قسم کے تحفظ کے لئے اترپردیش میں اٹاوہ ضلع کے لوگ آگے ہیں۔ اٹاوہ کے ہر گھر میں چڑیا کی موجودگی نے سب کو بہت خوش کردیا ہے۔ دوسرے لفظوں میں اٹاوہ ضلع چڑیوں کا سب سے بڑا محافظ بن گیا ہے۔ ضلع ڈیویژنل فارسٹ آفیسر اتل کانت شکلا کا کہنا ہے کہ یہ محکمہ جنگلات اور ماحولیاتی تنظیموں کی پہل کا نتیجہ ہے کہ آج چڑیاں بڑی تعداد میں نظر آرہی ہیں۔ چمبل سنچری کے رینجر ہرکیشور شکلا کا کہنا ہے کہ دس سال پہلے چڑیاں مشکل سے نظر آتی تھیں لیکن آج جتنی چڑیاں نظر آ رہی ہیں وہ یقیناً سب کو خوش کر رہی ہیں۔
سروے رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ کی سمت میں سرگرم سوسائٹی فار کنزرویشن آف نیچر کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر راجیو چوہان نے کہا کہ گوریا کے تحفظ کے لیے چلائی جارہی مہم کے دوران اٹاوہ کے لوگوں نے اپنے اپنے گھروں میں مصنوعی گھونسلے رکھے ہیں اور ان گھونسلوں میں گوریا انڈے دیتی ہے اس کے بعد بچے باہر آتے ہیں۔ ان چھوٹے بچوں کو دیکھ کر لوگ نہ صرف خوش ہوتے ہیں بلکہ محافظ کا کردار ادا کرنے میں بھی مصروف ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ چڑیا کے چوزے صرف ایک یا دو گھروں میں پالے جا رہے ہیں بلکہ 200 سے زائد گھروں میں چڑیا کے چوزے دیکھے جا رہے ہیں۔