علی گڑھ: ریاست اترپردیش میں واقع عالمی شہرت یافتہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ارتھ ڈے کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ارتھ ڈے ہر سال 22 اپریل کو منایا جاتا ہے۔ ارتھ ڈے پہلی بار 1970 میں نیویارک میں منایا گیا تھا، یہ ایک سالانہ تقریب ہے جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کی حمایت کرنا ہے۔ ارتھ ڈے کے موقع پر دنیا بھر میں مختلف پروگرام کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ عالمی شہرت یافتہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی شعبۂ ارضیات میں بھی ہفت روزہ پروگراموں کا اہتمام کیا گیا جس میں سلوگن رائٹنگ، پوسٹر سازی، خصوصی لیکچر اور شجرکاری مہم وغیرہ شامل رہیں۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے ہفت روزہ پروگراموں کی اختتامی تقریب کی صدارت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے اور اس کے اثرات پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر گلریز نے شعبہ کے اقدامات اور اس کی تحقیقی و پلیسمنٹ سرگرمیوں کو سراہا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر کلاچند سین، ڈائریکٹر، واڈیا انسٹی ٹیوٹ، اور صدر شعبہ پروفیسر کنور فراہیم خان نے حاضرین سے خطاب کیا اور کرہ ارض و کائنات کو بچانے میں جیو سائنسز کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر وائس چانسلر، مہمان خصوصی، چیئرپرسن، کنوینر اور آرگنائزنگ سیکرٹری سمیت معززین نے سلوگن اور پوسٹر مقابلوں کے فاتحین میں انعامات اور اسناد تقسیم بھی کیں۔