علیگڑھ:عالمی شہرت یافتہ علیگڈھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے غیر تدریسی ملازمین کے دھرنے کا آج 48 ویں دن ہے۔ اے ایم یو میں غیر تدریسی عملہ نے آج مکمل ہڑتال رکھی جس سے یونیورسٹی کا نظام پوری طرح درہم برہم ہوگیا، اے ایم یو کے 21 اقامتی ہالوں میں رہنے والے 20 ہزار کے قریب طلباء وطالبات صبح سے ہی متعدد دشواریوں سے دوچار ہوتے نظر آئے۔
آج ہونے والے امتحانات میں اساتذہ کو خاصی پریشانیوں سے جوجھنا پڑا حالانکہ غیر تدریسی ملازمین نے میڈیکل کالج کی ایمرجنسی اور اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے اپنی اس ہڑتال سے ان دو جگہوں کو مستثنیٰ رکھا۔
ملازمین کی ہڑتال کا جائزہ لینے کے لئے جب ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے طلباء کے رہائشی ہالوں کا دورہ کیا تو پرووسٹ دفتر پر تالا، ڈائننگ ہال خالی، میدان میں طلباء کھیلتے، کچھ کمروں میں طلباء کھانا بناتے اور پریشان نظر آئے اور طلباء نے بتایا کہ ہماری حمایت غیر تدریسی ملازمین کے ساتھ ہے کیونکہ وہ اس گونگی بہری انتظامیہ سے اپنی جائز مطالبات کو منوانے کی کوشش کررہے ہیں-