بریلی میں جماعت رضائے مصطفی کے نائب صدر سلمان رضا خاں قادری نے لکھنو میں کورونا کے ایک کیس کی تصدیق کے بعد عوام سے کورونا وائرس سے حفاظت کے لیے ملک کی سبھی مساجد اور مدارس اسلامیہ میں خاص دعا کا اہتمام کرنے کی اپیل کی۔
کروناوائرس اللہ کا عذاب، نجات کےلیے دعا مانگنے کی اپیل سلمان رضا نے بتایا کہ چین سمیت کئی ممالک کے لیے خطرناک بن چکا کورونا وائرس کے متعدد کیسز بھارت میں بھی پائے جانے کے بعد شہریوں میں خوف کا ماحول ہے۔
انہوں نے درگاہوں اور مساجد کے آئمہ سے بھی نماز جمعہ کے علاوہ پانچ وقت کی نمازوں کے بعد کورونا وائرس سے نجات کےلیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
سلمان میاں نے کہا کہ کورونا وائرس اللہ کا ایک عذاب ہے، جس کو روکنا مشکل ہے لیکن اسے روکنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اللہ رب العزّت کی بارگاہ میں اس سے نجات کی دعا کی جائے کیونکہ جس نے یہ مرض دنیا میں اتارا ہے وہی اس سے نجات دے سکتا ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ لوگ اس وائرس سے خوفزدہ ہونے کے بجائے اللہ کی بارگاہ میں اس کے خاتمہ کی زیادہ سے زیادہ دعائیں کریں۔
اس موقع پر یونانی ڈاکٹر وکیل احمد نے کہا کہ کورونا وائرس سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہمارے ملک میں اس کا زیادہ اثر نہیں ہے۔ اس کے باوجود ہمیں احتیاطی تدابیر اپنانی چاہئے اور اگر کسی شخص کو کھانسی، بخار اور دم گھوٹنے والی پریشانی ہو رہی ہے، تو اسے نظر انداز نہ کریں فوری طور پر ڈاکٹر سے ربط قائم کریں۔