میرٹھ:ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں بھی پابندی کے باوجود چانئیز مانجھے کے استعمال زوروں پر جاری ہے۔چانئیز مانجھے کے استعمال سے اب تک درجنوں افراد زخمی ہو گئے جن میں چند لوگوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حکومت اور ضلع انتظامیہ کی طرف سے چائنیز مانجھے پر روک لگائے جانے کے باوجود بھی یہ مانجھا بازار میں آسانی دستیاب ہو رہا ہے۔اس سے عام لوگوں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
چائنیز مانجھے سے پتنگ کٹے یا نہ کٹے لیکن انسانوں کے زخمی ہونا تقریبا طے ہے.میرٹھ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چائنیز مانجھے سے متعدد افراد کے شدید طور پر زخمی ہو نے کی اطلاع ہے۔گزشتہ روز وجے کمار نام کے ایک 73 سالہ بزرگ شخص اسکوٹی سے اپنے گھر لوٹ رہے تھے تو اسی وقت چائنیز مانجھے کی زد میں آگئے اور شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ان کے چہرے پرقریب 25 ٹانکے لگانے پڑے۔ وہیں دوسری جانب برہم پوری اور کریم نگر کے ثاقب کو بھی چائنیز مانجھے نے اپنا شکار بنایا۔ شدید طور پر زخمی لوگ مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔