اترپردیش اقلیتی کمیشن، اقلیتی طبقے کی پریشانی دور کرنے کے لئے قائم کیا گیا تھا لیکن وہاں کے ملازمین ہی پریشان حال ہیں۔ کہنے کو کمیشن اقلیتوں کے مسائل حل کرنے کے لیے کام کرتا ہے لیکن در حقیقت کمیشن میں لمبے عرصے سے نئی تقرری نہیں ہوئی، جس سے کام میں دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران اندرا بھون و جواہر بھون ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زمہ دار شاکر بخش نے بتایا کہ کمیشن میں چیئرمین نہ ہونے سے بڑی پریشانی ہو رہی ہے۔ ہمارے یہاں کے گوکھن پرساد، ریاض احمد، مظاہر عباس، محمد سلطان، شنکر لال عباس، ان لوگوں کی موت نوکری کے دوران ہوئی لیکن ابھی تک ان کے اہل خانہ کو پیشن نہیں مل رہی جبکہ کئی سال گزر گئے ہیں۔
شاکر بخش نے بتایا کہ ہم لوگوں نے کئی بار شکایات بھی کی لیکن کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پرنسپل سکریٹری بالکل بھی توجہ نہیں دیتے، ورنہ اتنی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔