نوئیڈا:اترپردیش کے ضلع نوئیڈا میں اسٹریٹ وینڈر ورکرز یونین سے منسلک CITU کے زیر بینر دکانداروں کے کئی مطالبات اور مسائل کو لے کر گزشتہ 12 اپریل 2023 سے نوئیڈا اتھارٹی کے سامنے جاری غیر معینہ احتجاج اور دھرنے کو گزشتہ روز پولیس نے زبردستی ہٹا دیا تھا۔ جس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آج بڑی تعداد میں دکاندار سی آئی ٹی یو آفس سیکٹر 8 نوئیڈا بانس بالی مارکیٹ میں جمع ہوئے اور نعرے بازی کرتے ہوئے جلوس کی شکل میں آگے بڑھنے لگے ۔لیکن آگے بڑھنے سے پہلے ہی پولیس نے انہیں روک دیا جس کے بعد پولیس اور مظاہرین میں شدید نوک جھونک بھی ہوئی۔ جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور یونین کی صدر پونم دیوی، سی آئی ٹی یو لیڈر گنگیشور دت شرما، رامسوارتھ اور یونین کے کئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔
اس کے باوجود دکاندار احتجاج پر مضبوطی سے کھڑے رہے اور نعرہ بازی کرتے رہے ۔بالاخر پولیس انتظامیہ کو آگے آنا پڑا اور اس نے نوئیڈا اتھارٹی کے ACEO مسٹر ستیش جی اور او ایس ڈی مسٹر اندو پرکاش سے اتھارٹی کی آفس میں دکانداروں سے مذاکرات پر آمادہ کرایا۔ اس میں کئی معاملات پر اتفاق ہوا اور کئی مسائل پر مزید بات چیت جاری رہے گی۔