علی گڑھ (اتر پردیش) :علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے شعبہ میڈیسن (نیفرولوجی ڈویژن) نے فریسینئس میڈیکل کیئر کے تعاون سے ڈائیلئسس ٹیکنیشن، نرسنگ اسٹاف، بی ایس سی ڈائیلیسس کے طلباء و طالبات اور ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو تربیت دینے کے لئے ”رینل ریپلیسمنٹ تھیریپی اور باڈی کمپوزیشن مانیٹر“ کے موضوع پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ کے افتتاحی خطاب میں پروفیسر راکیش بھارگو، پرنسپل اور سی ایم ایس، جے این ایم سی ایچ نے ڈائلیسس ٹیکنیشنز اور بی ایس سی ڈائیلیسس کے طلباء و طالبات کو گردے کے عارضے کے مریضوں کے بہتر علاج کے لیے نئی اور اختراعی مہارتوں کا استعمال کرتے ہوئے تربیت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر حارث ایم خان نے بھی اس طرح کی تربیتی ورکشاپ کو بے حد مفید قرار دیا۔ پروفیسر انجم پرویز، چیئرمین، شعبہ میڈیسن نے مریضوں کی معیاری دیکھ بھال اور گردے کے مریضوں کے بہتر علاج کے لیے نئی ڈائلیسس تکنیکوں میں مہارت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر محمد اسلم، انچارج، نیفرالوجی ڈویژن و ڈائلیسس یونٹ نے کہا کہ ’’اس طرح کے پروگرام نئے متعارف کرائے گئے بی ایس سی، ڈائلیسس کورس کے طلباء و طالبات کو ڈائلیسس کے جدید طریقوں اور تکنیکوں سے واقف کرانے میں بہت مددگار ثابت ہوں گے، جس سے انہیں ہیلتھ کیئر شعبہ میں معقول ملازمت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔‘‘