نوئیڈا: اتر پردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر نوئیڈا میں ڈمینشیا آگاہی ہفتہ کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس کے تحت مینٹل ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مختلف پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو الزائمر اور ڈیمنشیا کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔
اس سلسلے میں چیف میڈیکل آفیسر، سیکٹر 39 نوئیڈا کے دفتر کے احاطے میں جمعرات کو ایک دستخطی مہم چلائی گئی۔ ڈیمنشیا آگاہی ہفتہ 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔
چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سنیل کمار شرما نے پوسٹر پر دستخط کرکے پروگرام کا افتتاح کیا۔
پروگرام میں ذہنی صحت پروگرام کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر للت کمار نے ڈیمنشیا کی علامات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بھول جانا، اہم فیصلے کرنے میں ناکامی، چھوٹے مسائل حل کرنے میں ناکامی، شخصیت میں تبدیلی، مزاج یا رویے میں تبدیلی وغیرہ ڈیمنشیا کی علامات ہیں۔