اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں رہائی منچ کے صدر ایڈوکیٹ شعیب اور دوسرے سماجی کارکنان کو پولیس نے 107/116 کا نوٹس جاری کیا ہے۔
جس کے بعد رہائی منچ کے جنرل سیکرٹری راجیو یادو نے اسے سیاسی سازش بتاتے ہوئے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔راجیو یادو نے کہا کہ ہم لوگ جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن ہمیں ہی یوم جمہوریہ کے موقع پر امن و امان خراب کرنے کا الزام عائد کرکے نوٹس جاری کرنا سیاسی سازش ہے۔
واضح رہے کہ لکھنؤ پولیس نے رہائی منچ کے صدر ایڈوکیٹ شعیب، محمد وسیع، محمد عرفان، محمد قاسم، صبیح فاطمہ، نہال، رخسانہ، نسرین جاوید اور عظمیٰ پروین کو 107/116 کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایڈوکیٹ شعیب اور دوسرے سماجی کارکنان لکھنؤ کے گھنٹہ گھر میں سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاج میں شامل رہے ہیں۔ اسی کے چلتے پولیس نے ان لوگوں کو نوٹس جاری کیا ہے۔